مرید ہندی کا احساس خدمت دین
حکیم الامت ڈاکٹر سر محمد اقبال رحمہ اللہ نے اپنی شاعری میں اسلام کی ترجمانی کی ۔اس نے مسلمانوں کو اپنے زمانے میں رومی علیہ الرحمہ کی طرح جھنجھوڑا۔ وہ ایک جگہ اس کا بر ملا اعتراف بھی کرتے ہیں فرماتے ہیں کہ
چو رومی در حرم دادم اذان من
ازو آموختم اسرار جان من
بہ دور فتنئہ عصر کہن او
بہ دور فتنئہ عصر رواں من
علامہ نے اپنے زمانے میں نئے انداز سے اور عصری اسلوب میں ان ہی حقائق کو بیان کیا جو ان کے معنوی مرشد علیہ الرحمہ نے زمانہ کہن میں بیان فرمائے تھے ۔ علامہ نے مسلم امت کو علم و عرفان کی دعوت دی اور زور دے کر فرمایا کہ اگر گوہر یعنی دل لاالہ یعنی معرفت کے نور سے بھرا ہوا ہوگا تو فرنگی علوم و فنون آپ کا کچھ بگاڑ نہیں سکتے ۔ اگر چہ علامہ نے فرنگ میں ہی اعلی علوم حاصل کیے تاہم فرنگ اور فرنگی علوم اس کو اپنی اصل سے جدا نہیں کر سکے ۔ فرنگی علوم کی تحصیل اگر چہ فی نفسہ کوئی غلط چیز نہیں تاہم علامہ کو بعد میں اس بات پر افسوس تھا کہ کاش میں نے یہ ایام بھی دینی علوم کی تحصیل میں صرف کیے ہوتے ۔ ٹھیک اسی طرح جس طرح آخری عمر میں علامہ کشمیری کو افسوس تھا ۔پوری عمر دین کی خدمت کرنےکے باوجود فرمایا "کہ ساری عمر ضائع کی"یہ افسوس اور واویلا در اصل اس لیے نہیں کہ انہوں نے غلط کام میں زندگی صرف کی، بلکہ اس لیے کہ جب مقربین کے اوپر اگلے مقامات کا انکشاف ہوتا ہے تو وہ سمجھتے ہیں کہ ہم سے عمل و جہد میں خطا ہوئی جس کی وجہ سے ہم منکشف شدہ مقام پر نہیں ہیں ۔
اسی تناظر میں علامہ نے اپنی ایک چھوٹی ہمشیرہ کو خط میں ایک بار یہ لکھا کہ
میں جو اپنی گزشتہ زندگی پر نظر ڈالتا ہوں تو مجھ بہت افسوس ہوتا ہے کہ میں نے اپنی عمر یورپ کا فلسفہ وغیرہ پڑھنے میں گنوائی۔ خدا تعالیٰ نے مجھ کو قوائے دماغی بہت اچھے عطا فرمائے تھے۔ اگر یہ قوی دینی علوم کے پڑھنے میں صرف ہوتے تو آج خدا کے رسولؐ کی میں کوئی خدمت کر سکتا اور جب مجھے یاد آتا ہے کہ والدِ مکرم مجھے دینی علوم ہی پڑھانا چاہتے تھے تو مجھے اور بھی قلق ہوتا ہے کہ باوجود اس کے صحیح راہ معلوم بھی تھی تو بھی وقت کے حالات نے اس راہ پر چلنے نہ دیا۔ بہرحال جو کچھ خدا کے علم میں تھا، ہوا اور مجھ سے جو بھی کچھ ہو سکا، میں نے کیا لیکن دل چاہتا ہے کہ جو کچھ ہوا اس سے بڑھ کر ہونا چاہیے تھا اور زندگی تمام و کمال نبی کریمؐ کی خدمت میں بسر ہونی چاہیے۔
(اقبال ایک تجزیہ از ڈاکٹر بشیر نحوی صفحہ نمبر 31/32 )
اگر چہ یہ جملے احساس ندامت کے جذبات سے لبریز ہیں تاہم ہمیں یہ کہنے میں کوئی تردد نہیں کہ علامہ کا کلام عشق خدا و عشق رسول سے بھرا پڑا ہے ۔ انہوں نے شاعری محض شاعری کی خاطر نہیں کی بلکہ انہوں نے شاعری کو پیغام خدا اور پیغام رسول علیہ الصلواۃ و السلام کو عام کرنے کے لیے ایک وسیلہ بنایا ۔ یوم اقبال رحمہ اللہ کے مناسبت سے ان چند سطور کو قلم بند کیا ۔ اللہ تعالی عمل کی توفیق عطا فرمائے ۔امین